لندن: بلوچ کارکنوں کا بی این ایم میں شمولیت

269

بی این ایم کے پلیٹ فارم سے جدوجہد کریں گے۔صہیب مینگل، نیاز زہری اور سکندر قمبرانی کابی این ایم میں شمولیت کا اعلان

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لندن میں موجود بی ایس او آزاد کے مرکزی کمیٹی کے سابق رکن اور سابق عالمی نمائندہ صہیب مینگل، بی ایس او آزاد فارن کمیٹی کے سابقہ آرگنائزر نیاز زہری اور بی ایس او آزاد لندن زون کے سابقہ آرگنائزر سکندر قمبرانی نے بلوچ نیشنل موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

بی این ایم میں شامل ہونے والے نئے ممبران نے اپنی شمولیت پر کہا کہ بی این ایم عالمی سطح پر خود کو بہت کم عرصے میں منظم کرکے اقوام عالم کے سامنے بلوچوں کی ایک نہایت موثر آواز بن چکی ہے۔ بی این ایم ایک حقیقی ادارے کی شکل میں بیرون ممالک بلوچوں کی بکھرتی ہوئی قوت کو مجتمع کرکے آگے بڑھ رہی ہے۔ تمام بلوچوں خاص طور پر سیاسی کیڈر کیلئے بلوچ مسئلے کو دنیا کے سامنے روشناس کرنے کیلئے اس سے بہتر پلیٹ فارم نہیں ہوسکتا، کیونکہ یہ شخصی بالادستیوں سے آزاد حقیقی سیاسی ادارہ ہے۔ شخصی بالادستیوں کے ساتھ اور اداروں کے بغیر منزل سَر کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے بی این ایم کے آئین و منشور سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ بلوچ کارکنوں کو بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکز کی طرف سے شمولیت کی دعوت دی گئی تھی، جس پر کچھ وقت غور و خوض کرنے کے بعد مزکورہ سیاسی کارکنان نے بی این ایم میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔

مرکزی ترجمان نے کہا کہ ہم نئے ممبران کو تنظیم میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نئے شامل ہونے والے ممبران بلوچ نیشنل موومنٹ کو لندن سمیت عالمی سطح پر مزید منظم و مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔