جرمنی میں دھماکے سے عمارت تباہ، 25 افراد زخمی

203

برلن: جرمنی کے شہر ووپرٹال میں دھماکے سے ایک عمارت تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہوگئے۔

(دی بلوچستان پوسٹ مانیٹرنگ ڈیسک)

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مغربی شہر ووپرٹال میں پیش آیا جہاں ایک بلڈنگ زوردار دھماکے سے تباہ ہوگئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ادارے اور فائرفائٹرز نےموقع پر پہنچ کر اپارٹمنٹ کے ملبے میں دبے اور دیگر حصوں میں پھنسے 25 افراد کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 4 کی حالت تشویشناک ہے۔ فائرفائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے اور امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے اور کسی شخص کو اپارٹمنٹ کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ حکام نے دھماکے کی نوعیت سے متعلق فی الحال کچھ نہیں بتایا تاہم پولیس اور دیگر تفتیشی اداروں نے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ترجمان ووپرٹال پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا اورسڑک پر گرنے والے عمارت کے ملبے کو ہٹایا جارہا ہے تاہم دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔