بلوچستان: ٹریفک حادثات میں 3 افراد جانبحق، 3 زخمی

167

حادثات ژوب، بلیدہ اور نوشکی میں پیش آئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر تین افراد جانبحق اور بچے سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ژوب میں ڈی آئی خان روڈ پر توریان کیساتھ سنگل ڈور پک اپ اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں پک اپ میں سوار ایک شخص میر ولی ولد داد ساکن موسیٰ خیل جانبحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے، تینوں افراد کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں محمد اسماعیل سکنہ سوراب جان کی بازی ہار گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جانبحق شخص کی لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں مزید کارروائی جاری ہے۔

دریں اثنا ضلع نوشکی کے علاقے کلی رستم مَل میں آر سی ڈی شاہراہ پر موٹر سائیکل اور پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں نوجوان جانبحق اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

حادثے میں جانبحق نوجوان کی شناخت عبدالرزاق ولد عبدالغیاث اور زخمی بچے کی شناخت محمد عاصم کے نام سے ہوئی ہے جن کو فوری طور نوشکی ہسپتال منتقل کرنے کے بعد نوجوان کی نعش ورثا کے حوالے کی گئی جبکہ بچے کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔