بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے- پی وائی اے

128

پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان کے پریس سیکرٹری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان جوکہ ہر طرح کی پسماندگی کے حوالے سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں پسماندگی کے حوالے سے سرفہرست اکائیوں میں شمار کیا جاتا ہے، یہ پسماندگی زندگی کے ہر شعبہ میں پائی جاتی ہے جس میں صحت، تعلیم، روزگار، پانی، انفراسٹرکچر وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ جبکہ تعلیمی پسماندگی کے حوالے سے بلوچستان کے ادارہِ نظامتِ تعلیم کے اعداد و شمار کیمطابق صوبے کے 32 اضلاع میں دو درجن کے قریب بوائز ڈگری کالجز جبکہ ایک درجن کے قریب گرلز ڈگری کالجز ہیں، جن میں کئی ایسے اضلاع شامل ہیں جہاں پر ڈگری کالجز (بوائز و گرلز) کا کوئی نام و نشان نہیں ہے، ایسے اضلاع میں واشک، بولان، جھل مگسی، آواران، بولان، کوہلو، چاغی، ڈیرہ بگٹی، شیرانی اور زیارت شامل ہیں۔ ان مذکورہ اضلاع میں (بلوچستان ای ایم آئی ایس) کے اعداد و شمار کیمطابق کوئی بھی ڈگری کالج موجود نہیں ہے۔ جبکہ جن اضلاع میں بوائز ڈگری کالجز موجود ہیں اُن میں اکثر اضلاع میں گرلز کالجز وجود نہیں رکھتی۔ دوسری طرف جن اضلاع میں گرلز کالجز موجود ہیں اُن میں اکثریت بوائز ڈگری کالجز کے عمارتوں میں سیکنڈ ٹائم کے حساب سے تعلیمی سرگرمیاں سرانجام دی جاتی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ گورنمنٹ کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق پورے صوبے میں صرف 13 کے قریب گرلز ڈگری کالجز موجود ہیں۔ واضح رہے گذشتہ حکومت کے دور میں نام نہاد تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ ہوا تھا جس سے صوبے کے غریب عوام کو مزید تعلیم سے دانستہ طور پر دور رکھنے کی کوششیں کی گئیں تھیں۔

1973 کے آئین کے ارٹیکل 25A کے مطابق مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی اولین فرئض میں سے ایک اہم فریضہ ہے۔ مگر آئین کے دیگر دفعات اور شقوں کیطرح اس ارٹیکل کا اطلاق بھی بلوچستان کے غریب و مظلوم عوام کے لیے شجرِ ممنوعہ بن گیا ہے۔

پروگریسیو یوتھ الائنس بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی اور نااہل حکمرانوں اور پوشیدہ مقتدر قوتوں کیطرف سے بلوچستان کے غریب و مظلوم عوام کیساتھ تعلیم کے سلسلے میں روا رکھے گئے رویے کی پُرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور حکمرانانِ وقت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صوبے میں تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں، بصورتِ دیگر پروگریسیو یوتھ الائنس صوبے کے نوجوانوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا جمہوری حق محفوظ رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں پروگریسیو یوتھ الائنس صوبے بھر کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنے صوبے کے غریب و مظلوم عوام کے بنیادی ضرورت تعلیم کے لیے پی وائی اے کا عملی میدان میں ساتھ دیں، دیں تاکہ بلوچستان کے عوام جدید تعلیم سے روشناس ہوکر رواں صدی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرسکیں۔ کیونکہ تعلیم ہی وہ زیور ہے جسکے ذریعے سماج کی حرکت، مسائل اور تکالیف کے حوالے سے نوجوان نسل شعور حاصل کرکے اُنہیں بہتر سے بہتر طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔