کوئٹہ: شدید بارش میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج

201

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں شدید بارش کے باوجود وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج جاری رہا۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے اس موقعے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تاریخ پر اگر ہم نظر ڈالیں تو ہر دور میں عورت نے معاشرے میں ایک مثالی کردار ادا کیا ہے کبھی ماں بن کر، کبھی بہن بن کر ان رشتوں کو نبھایا ہے۔ بلوچ خواتین اپنے حقوق اور لخت جگروں کی بازیابی کے لیے انتھک جدوجہد کرکے مثالیں قائم کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین تہذیب کا گہوارہ ہے۔ بلوچستان کی خواتین کا تہذیبی پس منظر بھی اس خطے میں عورت کی حرمت اور عظمت کی پاسداری ہے ویسے بھی نوع انسانی میں عورت فطرت سے نزدیک رہی ہے۔ تاریخ کے اوراق بتاتے ہیں کہ عورت نے روز اول سے سماج کی ضرورت کے مطابق فطرت کو نقصان پہنچائے بغیر استعمال کیا، عورت نے ہرقدم پر کارکن کی حیثیت سے سماج کی تخلیق میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے مادرسری نظام میں جہاں اس کا کردار رہنما کا تھا وہاں اس نے صنف مخالف سے نفرت کا اظہار بھی نہیں کیا۔