مستونگ سے ایک مسخ شدہ لاش برآمد

191

شناخت کیلئے نعش ہسپتال منتقل

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی آمدہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے نواحی علاقے لاکا سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

لیویز ذرائع کے مطابق لاش کی ابتک شناخت نہیں ہوسکی ہے، جسے شناخت کے لیئے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تواتر کے ساتھ مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوتی رہی ہیں، جن میں سے متعدد کی شناخت لاپتہ ہونے والے افراد سے ہوئی ہے، جن کے لیئے ان کے لواحقین احتجاج کرتے رہے ہیں۔

گذشتہ دنوں بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی سے بابو ولد محراب نامی شخص کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی تھی، جنہیں لاپتہ ہوئے دو دن ہوئے تھے جبکہ علاقائی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بابو کو فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے گرفتاری کے بعد لاپتہ کردیا تھا۔

بلوچستان میں جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آواز اٹھانے والی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز سمیت دوسرے تنظیموں اور پارٹیوں نے توتک میں اجتماعی قبر سے برآمد ہونے والے لاشوں کو جبری طور پر لاپتہ بلوچ افراد کی لاشیں قرار دی تھیں۔

واضح رہے ان تنظیموں کا موقف ہے کہ بلوچستان سے جبری طور پر لاپتہ بلوچ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے اور ان کا الزام ہے کہ پاکستانی فورسز اور خفیہ ادارے ان افراد کو لاپتہ کرنے یا مار کر پھینکنے میں ملوث ہیں۔