کراچی کے علاقے ماری پور سے ایک معذور اسکول ٹیچر اور تعلیمی ادارے کے سربراہ کی حراست کے بعد لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ شب پاکستانی فورسز نے ماری پور میں کارروائی کے دوران اللہ بخش ولد بشام کو حراست میں لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اللہ بخش دونوں ٹانگوں سے معذور ہیں اور گزشتہ دس برس سے ٹکری ایجوکیشن سینٹر سے وابستہ ہیں، جہاں وہ اس وقت ادارے کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رات تقریباً چار بجے فورسز نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا، تاہم کچھ دیر بعد رہا کر دیا گیا۔
مقامی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تقریباً ایک گھنٹے بعد انہیں دوبارہ حراست میں لیا گیا، جس کے بعد سے ان کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں کا ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا اور ان کے موجودہ مقام یا حالت کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔
















































