کوئٹہ: ہائی کورٹ کا سابق رکنِ اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کے مقدمے میں 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنانے کا حکم

1

بلوچستان ہائی کورٹ کے اعلامیے کے مطابق، جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور سابق رکنِ صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف سرکار کی جانب سے دائر اپیل منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج-VI/ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ-II، کوئٹہ کا 4 ستمبر 2020 کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کو تیز رفتاری، غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کے نتیجے میں دورانِ ڈیوٹی ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کے جرم میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی۔

عدالت نے مجرم کو مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔

مزید برآں، عدالت نے ایڈیشنل سیشن جج-VI، کوئٹہ کو ہدایت جاری کی کہ زیرِ ضمانت مجرم عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری اور سزا پر عمل درآمد کے لیے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی کہ وارنٹِ گرفتاری پر قانون کے مطابق فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔