کوئٹہ، بلیدہ: پاکستانی فورسز پر حملہ، ریلوے ٹریک دھماکے میں تباہ

6
File Photo

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز دو علیحدہ واقعات پیش آئے ہیں، جن میں ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے الندور میں پاکستانی فورسز کی ایک چوکی پر حملے اور کوئٹہ میں موسیٰ کالونی کے قریب ریلوے ٹریک کو دھماکے سے نقصان پہنچانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

بلیدہ، الندور میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی ایک چوکی کو نشانہ بنایا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران متعدد دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم حملے کی نوعیت، دورانیے اور ممکنہ جانی یا مالی نقصان کے بارے میں سرکاری سطح پر فوری طور پر کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی۔

دوسری جانب کوئٹہ میں موسیٰ کالونی کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک پر دھماکا خیز مواد نصب کیا، جس کے پھٹنے سے ریلوے لائن کا ایک حصہ متاثر ہوا۔

تاحال کسی نے ان دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ حکام کی جانب سے حملوں کی وجوہات اور ممکنہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔