بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قائم تنظیم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس معطل

0

تنظیم کے چیئرمین کا ایکس اکاؤنٹ معطل، واٹس ایپ چینل ختم، فیس بک اکاؤنٹ پر مشکوک رسائی کی کوششوں کے اطلاعات۔

بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز “ وی بی ایم پی” کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود اکاؤنٹس اور چینلز کو معطل کردیا گیا ہے۔

تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کا ایکس اکاؤنٹ بھی معطل ہوگیا ہے، جبکہ تنظیم کے مطابق انکے واٹس ایپ چینل کو بھی نامعلوم بناء پر ختم کردیا گیا ہے۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق تنظیم کے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی مختلف مقامات اور ڈیوائسز سے رسائی کی مسلسل کوششوں کے حوالے سے سیکیورٹی الرٹس موصول ہورہے ہیں۔

واضح رہے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز تنظیم بلوچستان میں گزشتہ 16 برس سے جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھانے کے ساتھ لاپتہ افراد کے لواحقین کی نمائندگی کرتی رہی ہے۔

تنظیم کی جانب سے بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات کا ریکارڈ جمع کرکے انسانی حقوق کے اداروں اور متعلقہ فورمز کے سامنے پیش کیا جاتا رہا ہے، جبکہ تنظیم گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتالی کیمپ چلا رہے ہیں۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی معطلی اور چینل کے خاتمے کو ایک منظم کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیم کے پلیٹ فارمز کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ پرامن انسانی حقوق کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش قابلِ مذمت ہے۔