کوئٹہ میں وی بی ایم پی کا احتجاجی کیمپ 6159ویں روز بھی جاری، جبری گمشدگیوں کے خاتمے کا مطالبہ

0

جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ آج 6159ویں روز بھی تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ کی قیادت میں جاری رہا۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، تمام لاپتہ افراد کو قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے یا انہیں بازیاب کیا جائے، اور ماورائے آئین و قانون اقدامات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے وسائل پر مقامی آبادی کے آئینی و قانونی حقوق کو تسلیم کیا جائے اور اہلِ بلوچستان کے بنیادی انسانی، سیاسی اور سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل کے لیے آئین، قانون، مکالمے اور انصاف کا راستہ اختیار کرنا ہی دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔