کیچ: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں دو خواتین جبری لاپتہ

0

پاکستانی فورسز نے گھر پر دھاوا بولتے ہوئے دو خواتین کو گھسیٹ کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات پاکستانی فورسز نے کیچ کے علاقے تجابان میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر وہاں موجود زبیدہ بلوچ زوجہ حاجی بدل اور ان کی بہو زرناز زوجہ دولت کو گھر سے گھسیٹ کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

پاکستانی فورسز کے ہاتھوں حراست میں لی جانے والی دونوں خواتین بعد ازاں منظرِ عام پر نہیں آسکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ ہونے والی دونوں خواتین، 18 فروری کو قتل ہونے والے دولت ولد حاجی بدل کی والدہ اور بیوہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق حاجی بدل کو پاکستانی فورسز کی پشت پناہی میں کام کرنے والے مسلح گروہ، جنہیں مقامی طور پر ڈیتھ اسکواڈز کے نام سے جانا جاتا ہے نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، گذشتہ شب ان کی والدہ اور بیوہ کو پاکستانی فورسز نے لاپتہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے چھ سے زائد خواتین جبری گمشدگی کا نشانہ بنی ہیں، جن میں میڈیکل کی طالبہ خدیجہ بلوچ و دیگر شامل ہیں، جبکہ اورناچ خضدار سے جبری لاپتہ ہونے والی ایک خاتون بازیاب ہوگئی تھی۔

مزید برآں بلوچستان میں اب تک ایک سال کے دوران 16 سے زائد خواتین جبری گمشدگی کا نشانہ بن چکی ہیں، جن میں بعد ازاں چند منظرِ عام پر آکر بازیاب ہوگئیں، تاہم بیشتر تاحال ریاستی فورسز کی تحویل میں ہیں، جن میں گزشتہ سال جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والی ماہ جبین بلوچ، نصرین بلوچ، حیرنساء و دیگر شامل ہیں۔