بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے چار افراد کی بازیابی عمل میں آئی ہے، جنہیں حراست کے بعد مختلف مقامات پر رہا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کیچ کے علاقے بلیدہ سے تعلق رکھنے والے رحیم بخش ولد کریم بخش کو 2 مارچ 2026 کو حراست میں لیا گیا تھا، جنہیں 6 اپریل 2026 کو بلیدہ میں رہا کردیا گیا۔
اسی طرح نوشکی کے رہائشی عبدالرحمان ولد حاجی حفیظ اللہ کو 15 فروری 2026 کو لاپتہ کیا گیا تھا، جنہیں 20 اپریل 2026 کو نوشکی میں بازیاب کیا گیا۔
ایک اور کیس میں نوید بلوچ ولد اکبر دوست، جو 19 مئی 2025 سے جبری گمشدگی کا شکار تھے، تقریباً ایک سال بعد 19 اپریل 2026 کو نوشکی میں رہا کیے گئے۔
مزید برآں نوشکی ہی کے رہائشی حاجی نذیر احمد ولد حاجی تھاوس خان کو 18 فروری 2026 کو حراست میں لینے کے بعد 20 اپریل 2026 کو رہا کردیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق ان افراد کو کسی قانونی کارروائی یا فردِ جرم کے بغیر حراست میں رکھا گیا تھا۔ انسانی حقوق کے کارکنان نے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جبری گمشدگیوں کے سلسلے کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


















































