حب: ٹرک کھائی میں گرنے سے 17 افراد جاں بحق

103

 بلوچستان کے علاقے حب میں پیش آنے والے ایک روڈ حادثے میں 17 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق درگاہ شاہ نورانی جانے والے زائرین سے بھرا ٹرک عیاں پیر کے قریب بے قابو ہو کر کھائی میں جاگرا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گاڑی میں 150 سے زائد زائرین سوار تھے، کافی لوگ نیچے پھنسے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں جو زخمیوں کو ہسپتال  منتقل کرنے میں مصروف ہیں، جن زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں انہیں  لسبیلہ سے کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایدھی کی 30 سے زائد ایمبولنس جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئی ہیں جو زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کریں گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زائرین کا تعلق سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے بتایا جاتا ہے جو درگاہ شاہ نورانی پر حاضری کیلئے جا رہے تھے۔

وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حب حادثہ بلوچستان کی حدود میں ہوا، واقعے کی تحقیقات بلوچستان حکومت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حب حادثےکے 52 زخمی لائے گئے تھے اور 40 کو ڈسچارج کردیا گیا ہے، 12 مریض اس وقت ٹراما سینٹرز میں زیر علاج ہیں، ان میں سے 5 کو سر پر چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت سنگین ہے،حادثے کے 2 بچے بھی زیر علاج ہیں، ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ مزید زخمی ٹراما سینٹر میں آسکتے ہیں۔