نومنتخب وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کا دورہ گوادر: شہریوں نے احتجاجاً راستہ روک دیا

348

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے دورہ گوادر پر عوام کا شدید احتجاج، مظاہرین نے وزیر اعلیٰ کا قافلہ روکتے ہوئے شاہراہ بند کردی-

ٹی ٹی سی کالونی کے مکینوں نے ایئرپورٹ روڈ طاہری پلازہ کے مقام پر بلاک کرتے ہوئے گوادر میں سیلابی صورتحال میں حکومتی کارکردگی کی ناکامی پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گذشتہ 6 روز سے ہمارے گھر 5 سے 6 فٹ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی جانب سے تسلیاں دینے کے سوا عملی اقدامات نہیں کیے جارہے طوفانی بارش سے وسیع اراضی زیر آب اور شاہرائیں بند ہیں جس کے باعث راشن کی قلت پیدا ہوگئی ہے گوادر کے عوام شدید مشکل حالات سے دوچار ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ طوفانی بارش سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں اور متاثرین کو مصیبت سے نکالا جائے۔

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں نے بلوچستان کے دیگر علاقوں کے طرح گوادر کو بھی شدید متاثر کردیا ہے جہاں سیلابی پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوچکا ہے جبکہ مکین پہاڑوں اور اونچی مقامات پر پناہ لینے پر مجبور ہیں جبکہ بارشوں سے متعدد گھر منہدم ہوگئے، امدادی ٹیمیں بھی پہنچ نا سکی ہے-

گوادر کے مکینوں و سیاسی تنظیموں نے گوادر میں سیلابی صورتحال کی ذمہ دار پاکستان اور چائنیز پروجیکٹس کو قرار دیا ہے، مکینوں کا الزام ہے کہ ریاستی پرجیکٹس کے باعث پانی کا راستہ روکا گیا جس کے باعث پانی سمندر میں شامل نا ہوسکا اور شہر ڈوب گیا-