جامعہ بلوچستان مالی بحران: تنخواہوں کی عدم ادائیگی، اساتذہ کا احتجاجی کیمپ قائم

99

جامعہ بلوچستان مالی بحران، تنخواہیں اور پنشن نہ ملنے پر اساتذہ اور عملے نے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے احتجاجی کیمپ قائم کردیا ہے-

جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان کے زیر اہتمام جامعہ بلوچستان و ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ کرام، افسران اور ملازمین کی تین مہینوں کی تنخواہوں اور پنشنز کی عدم فراہمی اور ریسرچ سینٹرز کے اساتذہ کرام، افسران اور ملازمین کو سالانہ بجٹ میں اعلان شدہ 35 فیصد اور ہاؤس ریکوزیشن کی عدم ادائیگی اور جامعہ بلوچستان کی مالی بحران کی مستقل حل کےلئے جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ پر انتہائی سخت سردی اور بارش میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا جس میں درجنوں اساتذہ کرام، افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اپنے بنیادی حق ماہانہ تنخواہوں اور پنشن کے لئے نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا انتہائی افسوسناک بات ہے کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام، افیسران اور ملازمین اس ہوشربا مہنگائی میں اور مارچ میں تعلیمی اداروں کی کھلنے اور ماہ مقدس کی شروعات میں تنخواہوں اور پنشنز سے محروم ہیں جو انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔

مقررین نے مرکزی و صوبائی حکومت، گورنر بلوچستان اور ایچ ای سی سے پرزور مطالبہ کیا کہ خدارا جامعہ بلوچستان کے مالی بحران کا مستقل حل نکالے اور تین مہینوں کی تنخواہوں اور پنشنز کےلئے فوری طور پر بیل آﺅٹ پیکیج کا اعلان کریں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بروز منگل کو بھی جامعہ بلوچستان کے مین گیٹ کے سامنے تنخواہوں اور پنشنز کےلئے کیمپ میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔