مند میں بم دھماکہ، سوراب میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

338

بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے آزاد انتخابی امیدوار کے گھر کو بم حملے میں نشانہ بنایا ہے، جبکہ سوراب میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے جمعیت علماء اسلام کے ایک رکن کو ہلاک کردیا۔

بم حملے کا واقعہ کیچ کے علاقے مند بلوچ آباد کے مقام پر پیش آیا ہے جہاں کل رات نامعلوم افراد نے فدا حکیم نامی شخص کے گھر کو بم حملے میں نشانہ بنایا۔

فدا حکیم کے بارے میں علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ سے ہے، جس کو حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈ کہتے ہیں۔ گذشتہ شب حملے میں نقصانات کی تفصیلات تاہم سامنے نہیں آسکے۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سوراب میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جمعیت علماء اسلام کے رکن حاجی عبدالحمید مینگل کو ہلاک کردیا ہے۔ فائرنگ کا واقعہ چھڈ گدر میں مدرسے کے قریب پیش آیا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں بھر سے انتخابات قریب تر آرہے ہیں، امیدواروں کو نشانہ بنایا جارہے ہیں۔ گذشتہ دنوں نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی کے امیدوار اور سابق وزیر لالا رشید کے قافلے کو بھی دشت کے مقام پر نشانہ بنایا تھا۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بلیدئی کو بھی تربت میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا۔

واضح رہے کہ بلوچ مسلح تنظیموں کے اتحاد براس نے بھی عوام کو انتخاب میں حصہ نہ لینے کی درخواست بھی کی ہے۔