گوادر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران برقرار ہے۔ آل پارٹیز

194

اہلیان گوادر کا آج دوبارہ گوادر پریس کلب میں آل پارٹیز ،انجمن تاجران اور گوادر سول سوسائٹی کے ساتھ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حاجی مولا بخش کی قیادت میں صحافیوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں کہا گیا کہ ہمارے پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 48گھنٹے کی وارنگ کے باوجود گوادر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پانی کا مصنوعی بحران برقرار ہے۔

گذشتہ کئی دنوں سے محکمہ پبلک ہیلتھ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور آپس کی چپقلش سے گوادر کے عوام کو پانی کے نعمت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسی مقام پر ہم نے پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کیا تھا کہ پانی ہمارا بنیادی حق ہے اس سے ہمیں محروم نہ رکھا جائے ، اس سلسلے میں تمام سیاسی و سماجی تنظیموں اورسول سوسائٹی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ اداروں کو 48 گھنٹے کی مہلت دی گئی تھی لیکن اس کے باوجود ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔

اجلاس میں ماہی گیر اتحاد، لیبر یونین، انجمن تاجران گوادر، گوادر کی تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندوں جس میں نیشنل پارٹی، بی این پی مینگل، بی این پی عوامی، پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام، گوادر حق دو تحریک اور دیگر سول سوسائٹی کے معتبرین نے اس اہلیان گوادر کی میٹنگ میں شرکت کی۔

اجلاس کے آخر میں اہلیان گوادر کے سربراہ حاجی مولابخش نے کہا کہ کل بروز جمعہ 13 اکتوبر 2023 کو صبح سے شام کے 5 بجے تک گوادر میں مکمل شٹر ڈان ہڑتال ہوگی اور 15اکتوبر بروز اتوار بوقتِ شام آل پارٹیز ، انجمن تاجران ، اورسول سوسائٹی کی جانب سے ملا فاضل چوک سے شہدائے جیوانی چوک تک ریلی نکالی جائیگی اور جلسہ کیا جائیگا۔