سانحہ مستونگ کے موقع پر شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کی کارکردگی قابل مذمت رہی ۔ نیشنل پارٹی

133

نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کے موقع پر شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کی کارکردگی انتہائی قابل مذمت رہی ۔ ہر قسم کی جدید مشینری ایک درجن سے زائد سرجن اور آٹھ جدید ترین اپریشن تھیٹر ہونے کے باوجود ایک مریض کو نہیں رکھا گیا تمام مریضوں کو درد کے انجکشن لگاکر ٹراماسنٹر ریفر کردیا گیا جو محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ کے نااہلی کا ثبوت ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ اس ہسپتال میں پانچ نیورو سرجن تعینات ہیں اور ایک نیورو فزیشن سمیت تین جنرل سرجن دو آرتھوپیڈک سرجن ہیں آرکوسکوپک نیوروسرجری جیسے جدید سرجری کی مشینری بھی موجود ہے اس کے باوجود نااہل انتظامیہ نے کسی ایک مریض کا ایمرجنسی اپریشن شیخ زائد ہسپتال میں نہیں کیا ان کی اس لاپرواہی غیر ذمہ داری اور غفلت کے باعث درجنوں مریض موت کے منہ میں چلے گئے جس کے تحقیقات کے لیئے اعلی سطعی جوڈیشل کمیشن قائم کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کیا جائے۔

پارٹی ترجمان نے واضح کیا کہ سانحہ مستونگ کے آدھے گھنٹے کے اندر سو سے زائد زخمی شیخ زید ہسپتال پہنچے مگر ان کو ایمرجنسی ٹریٹمنٹ بھی نہیں دی گئی اور نکال دیا گیا جو اس شعبہ کے ساتھ ایک ناانصافی اور اس آنتظامیہ کے منہ پہ طمانچہ ہے۔

پارٹی ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف ایگژیکٹو شیخ زید ہسپتال سمیت تمام ذمہ دار ڈاکٹرز کو معطل کرکے ان کے خلاف جوڈیشل کمیشن بناکر انہیں قرار واقعی سزا دیا جائے اور شیخ زائد ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے حوالے کیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام اس جدید ہسپتال اور مشینری سے استفادہ کرسکیں۔