واٹس ایپ میں ویڈیو میسیج بھیجنے کا نیا فیچر متعارف

547

میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے نیا فیچر متعارف کردیا ہے جس کے تحت صارفین اب ریئل ٹائم میں ویڈیو میسیج بھیج سکیں گے۔

اس سے قبل جون میں اس نئے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ یہ فیچر جلد ہی عام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق فیچر کی کامیاب آزمائش کے بعد اس نئے فیچر کو عام صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔

واٹس ایپ میں پہلے بھی ویڈیو میسیج بھیجنے کا فیچر موجود تھا لیکن اسے ریئل ٹائم میں نہیں بھیجا جا سکتا تھا۔یعنی پہلے واٹس ایپ پر جو ویڈیو میسیج بھیجنے کا فیچر تھا، وہ روایتی انداز میں پہلے ویڈیو کی ریکارڈ کرنے اور بعد میں میسیج کو بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا تھا۔

جبکہ نئے فیچر کے تحت صارفین صرف ویڈیو کے آئیکون کو کلک کرکے میسیج ریکارڈ کر سکیں گے اور اسے اسی وقت ہی وائس نوٹ کی طرح بھیج سکیں گے۔

میٹا کے مالک مارک زکر برگ نے فیس بُک کے ذریعے ایک ویڈیو شئیر کرکے بتایا کہ کس طرح یہ فیچر کام کرے گا۔آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین اس نئے فیچر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارفین میسیج چیٹ میں جانے کے بعد نیچے کیمرہ کے آئیکون کے ساتھ نظر آنے والے آڈیو آئیکون کو کچھ دیر کے لیے دبائیں گے پھر ویڈیو آئیکون نمودار ہوگا، اس آئیکون پر کلک کرنے کے بعد آپ ویڈیو پیغام ریئل ٹائم میں ریکارڈ کرسکیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت ویڈیو پیغام کو محفوظ نہیں کیا جا سکے گا۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارفین 60 سیکنڈ تک کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ریئل ٹائم میں دوسرے صارف کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت ریکارڈ کیے گئے ویڈیو پیغام کو ایک صارف کو بھیجنے کے بعد اسے دوسروں کو بھی فارورڈ کیے جا سکے گا، تاہم بیک وقت صرف ایک ہی وصول کنندگان کو میسیج بھیجا جا سکے گا۔

بلاگ پوسٹ میں کہا گیا کہ ’نئے فیچر کے ذریعے صارفین خصوصی لمحات کو فوری طور پر اپنے پیاروں کو بھیج سکیں گے، کسی کو سالگرہ کی مبارکباد دینی ہو، لطیفہ سنانا ہو، کوئی اچھی خبر سنانی ہو، آپ ہر طرح کا پیغام فوری بھیج سکتے ہیں‘۔