کیفی خلیل کے گانے ’کہانی سنو‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا

703

معروف نوجوان بلوچ گلوکار کیفی خلیل کے گانے ’کہانی سنو 2.0‘ نے عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

کیفی خلیل کے گانے کہانی سنو 2.0 نے یوٹیوب پر رواں ہفتے دنیا کے ٹاپ 8 گانوں میں اپنی جگہ بنالی ہے اور یوٹیوب پر اسے 11 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

اپنی اس کامیابی پر کیفی خلیل نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں گلوکار نے کہا کہ میں اللّٰہ تعالیٰ اور اپنے تمام سپورٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کیفی خلیل نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کی محبت اور سپورٹ پر ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کوشش کروں گا کہ ’آپ لوگوں کےلیے ہمیشہ لکھتا رہوں وہ سب کچھ جو میں آپ سب کےلیے محسوس کرتا ہوں

معروف نوجوان بلوچ گلوکار کیفی خلیل نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ جو کچھ بھی لکھتے اور گاتے ہیں وہ سب اصل واقعات پر مبنی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ جب دل ٹوٹتا ہے تو الفاظ نکلتے ہیں، شعر بنتے ہیں اور آواز بھی تب ہی نکلتی ہے، میں نے جو کچھ لکھا ہے وہ سچ پر مبنی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے کہیں سے کچھ دیکھ کر یا سن کر نہیں لکھا، بلکہ میرے گانے میرے تجربات پر مبنی ہیں۔

واضح رہے کہ کیفی خلیل نے اپنی بہترین بلوچی اور اردو شاعری اور گانوں کی وجہ سے خوب پزیرائی حاصل کی ہے۔