تربت: پیڑول قیمتوں کے خلاف احتجاج، تعلیمی تسلسل متاثر

259

کیچ کے مرکزی شہر تربت میں سوزوکی بولان یونین نے پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاجاً تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات اور استانیوں کی پک اینڈ ڈراپ معطل کردی۔

پیر کی صبح سوزوکی بولان یونین کے ارکان نے شہر کے مختلف سڑکوں پر کھڑے ہوکر تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات اور استانیوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان گاڑیوں کو روک دیا، جس سے تعلیمی اداروں بالخصوص گرلز اسکولوں اور پرائیویٹ اسکولوں میں جانے والے طلباء وطالبات اور استانیوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا رہا، اور گرلز اسکولوں اورپرائیویٹ اسکولوں میں حاضری متاثر رہی۔

سوزوکی بولان یونین کے رہنماؤں نے بتایاکہ پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کے باعث یہ ہمارے لئے ممکن ہی نہ رہاکہ سابقہ کرایوں پر طلباء وطالبات اور استانیوں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دے سکیں اورکرایہ بڑھانے سے والدین پر اضافی بوجھ ڈالنا بھی مناسب نہیں اس لئے ہم نے احتجاج کا راستہ اپنایاہے تاکہ سرکار مجبورہوکر ایرانی پٹرول کی قیمتیں کم کرائے۔

ان کاکہناہے کہ تربت شہر میں ایرانی پٹرول کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے، ایران میں فی لٹر پٹرول 10 سے 12 پاکستانی روپے ہے جویہاں آکر 250سے270روپے تک پہنچ جاتا ہے جو ظلم کی انتہاء ہے اس ظلم نے ہمیں احتجاج پرمجبورکیا ہے، انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہمارا ساتھ دیں اور اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔