یوکرینی صدر کا مغربی اتحادیوں سے اسلحے کی فراہمی بڑھانے پر زور

241

یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے مغربی اتحادیوں پر اسلحہ کی فراہمی بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جبر اور ظلم جمہوریتوں پر حاوی ہو رہا ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وڈیو لنک کے ذریعے ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہچکچاہٹ کا شکار جرمنی کا حوالہ دیتے ہوئے مغربی ممالک سے فوری مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ روس یوکرین جنگ میں جرمنی اس بات سے ہچکچاہٹ کا شکار ہے کہ آیا یوکرین کو اسلحہ اور جنگی ٹینک فراہم کیے جائیں یہ نہیں۔

ولادیمیر زیلنسکی نے کل (20) جنوری کو جرمنی میں یوکرین کو مغربی ہتھیار فراہم کرنے والوں کے اجلاس سے قبل کہا کہ ’آزاد دنیا فارغ وقت میں سوچتی ہے اور دہشت گرد ریاست وہ وقت مارنے اور قتل کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔‘

یوکرینی صدر نے کہا کہ دنیا کو آج یا کبھی بھی گھبرانہ نہیں چاہیے، دنیا کے متحرک ہونے کو ہمارے مشترکہ دشمن کی فوجی حرکت سے آگے بڑھنا چاہیے۔