جرمنی اور بیلجئم کا ورلڈکپ کے سفر کا اختتام

202

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بیلجیئم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ کروشیا، مراکش، اسپین، جاپان نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

جمعرات کو گروپ ایف کے 2 میچز کھیلے گئے جس میں بیلجیئم اور کروشیا جبکہ مراکش اور کینیڈا کی ٹیمیں مدمقابل تھے، بیلجیئم اور کروشیا کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا اس کے علاوہ آخری گروپ میچ میں مراکش نے کینیڈا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔

گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ایف میں مراکش نے 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ کرو شیا 5 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔

بیلجیئم 4 پوائنٹس جبکہ کینیڈا کوئی پوائنٹ حاصل نہ کرسکی، اس کے ساتھ بیلجیئم اور کینیڈا کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوگیا۔

گروپ ای میں گذشتہ شب 2 میچز کھیلے گئے جس میں جرمنی اور کوسٹاریکا جبکہ جاپان اور اسپین کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

ورلڈ کپ میں جرمنی نے کوسٹاریکا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرادیا جبکہ جاپان نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دوگول سےشکست دی جرمنی مقابلہ جیت کر بھی ورلڈکپ سے باہر ہوگیا جبکہ اسپین میچ ہار کر بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔

گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ای میں جاپان نے 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ اسپین اور جرمنی 4،4 پوائنٹس حاصل کرسکے۔