ملکہ برطانیہ کا تابوت آج ایڈنبرا پہنچایا جائیگا

258
فائل فوٹو

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا تابوت آج بذریعہ سڑک بالمورل سے ایڈنبرا پہنچایا جائے گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ملکہ برطانیہ کا تابوت ایڈنبرا کے تاریخی ہالیروڈ ہاؤس کے محل پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔

یہ تابوت شاہی خاندان کے ارکان کے ہمراہ سینٹ جائلز کیتھیڈرل ایڈنبرا تک جائے گا۔ ایڈنبرا کے کیتھیڈرل میں دعائیہ تقریب منعقد ہو گی، جبکہ تابوت 24 گھنٹوں تک یہاں رہے گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ ملکہ کے تابوت کو بذریعہ ہوائی جہاز کل لندن لایا جائے گا۔

ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات 19 ستمبر کو ادا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ الیگزینڈرا میری ونڈسر 8 ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔ ملکہ کو پچھلے سال اکتوبر سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا جس کے باعث انہیں چلنے پھرنے اور کھڑے ہونے میں مشکل پیش آتی تھی۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر آسٹریلیا میں 22 ستمبر کو سوگ منایا جائے گا اور اس دن آسٹریلیا میں عام تعطیل ہوگی۔

آسٹریلوی وزیراعظم ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر یون وک یول بھی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کرینگے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈین پارلیمنٹ میں جمعرات کو ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے پیش نظر کینیڈین پارلیمنٹ کا اوپننگ سیشن ایک دن تاخیر سے 20 ستمبر کو ہوگا۔