عالمی شہرت یافتہ راجر فیڈرر نے ٹینس کو الوداع کہہ دیا

117

عالمی شہرت یافتہ انٹرنیشنل ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے لیورز کپ مقابلے کے بعد بین الاقوامی کیریئر کو الوداع کہہ دیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 41 سالہ فیڈر نے لیورز کپ میں اپنا الوداعی میچ اپنے روایتی حریف اور ہسپانوی اسٹار رافیل نڈال کے ہمراہ کھیلا فیڈرر میچ کے بعد جب نڈال اور جوکووچ سمیت اپنے دیگر ساتھیوں سے گلے ملے تو ان کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے جبکہ اس موقع پر رافیل نڈال بھی اپنے آنسو نہ روک سکے۔

20 گرینڈ سلیم جیتنے کے ساتھ ساتھ متعدد ریکارڈ اپنے نام کرنے والے ٹینس اسٹار فیڈرر نے اپنے الوادعی لمحہ کے دؤران کہا کہ یہ ایک شاندار دن تھا، میں افسردہ نہیں بلکہ خوش ہوں، میں اس مقام تک پہنچنے پر بہت خوش ہوں۔

لیورز کپ میں یورپ اور ریسٹ آف دی ورلڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فیڈرر اور رافیل پر مشتمل جوڑی کا آخری مقابلہ جیک سوک اور فرانسس ٹیافو کی جوڑی سے ہوا جب فیڈرر نے اپنے آخری میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیا تو پورا ارینا فیڈرر کا نام لینے والے شائقین کے ناموں سے گونج رہا تھا۔

سوئس اسٹار نے 25سال پر محیط ٹینس کیریئر کے دوران 8 ومبلڈن اوپن، 7 آسٹریلین اوپن، چار یو ایس اوپن اور ایک فرنچ اوپن ٹائٹل سمیت مجموعی طور پر 20 گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیے ہیں-

انہوں نے اس دوران 103 اے ٹی پی ٹائٹلز جیتے، 6 اے ٹی پی فائنلز میں فتح حاصل کی جبکہ ایک ڈیوس کپ ٹائٹل کی فتح بھی ان کے کیریئر میں شامل ہے کیریئر کے دوران 310 ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے والے فیڈرر نے لگاتار 237 ہفتوں تک عالمی نمبر ایک رہنے کا ریکارڈ اپنے نام رکھا جبکہ مجموعی طور پر وہ 31 گرینڈ سلیمز فائنلز کے لیے میدان میں اترے۔

خبررساں ادارے کے مطابق ایک عرصے تک ٹینس کی دنیا پر راج کرنے والے اسٹار کھلاڑی بڑھتی عمر کی وجہ سے مسائل سے دوچار رہنے لگے تھے اور ان کی کارکردگی بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جارہی تھی۔

دو سال قبل انہیں گھٹنے کی انجری ہوئی اور انہوں نے اس انجری سے صحتیابی اور ٹینس کورٹ میں واپسی کے لیے تین آپریشن بھی کرائے لیکن ان کی یہ تمام کوششیں بھی ان کی انٹرنیشنل ٹینس کورٹ میں کامیابی کے ساتھ واپسی کی راہ ہموار نہیں کر سکیں جس کے بعد انہوں نے گزشتہ ہفتے ٹینس کورٹ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا۔