کراچی خودکش حملہ پاک چین دوستی پر حملے کے مترادف ہے – بلاول زرداری

525

پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ کراچی واقعے کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی باشندوں کی یاد میں اسلام آباد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین دوستی کے دشمنوں کو کبھی معاف نہیں کرینگے، جامعہ کراچی میں گذشتہ دنوں چینی باشندے حملے میں مارے گئے، ہمیں دہشتگردی واقعہ میں چینی باشندوں کی اموات پر بہت دکھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی ہمارے مہمان ہیں، ان کی سیکورٹی ہماری ذمہ داری ہے، دوستی کیلئے چینی اور پاکستانیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ان کامزید کہنا تھا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں منگل 26 اپریل کی دوپہر خودکش دھماکے میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔

کراچی حملے کی ذمہ داری بلوچستان میں سرگرم مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی۔ تنظیم کے ترجمان جیئند بلوچ نے بیان میں کہا کہ یہ کاروائی بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کے پہلی بلوچ خاتون فدائی شاری بلوچ عرف برمش نے سرانجام دی۔