سراج کے قتل میں ملوث تمام قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف تربت سول سوسائٹی کا احتجاج کا اعلان

303

تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزاردوست نے بدھ کے روز تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر اگلے 48 گھنٹوں کے دوران سراج ولد صالح محمد کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو تربت سول سوسائٹی شہید فدا چوک پر دھرنا دے کر بیٹھ جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سراج بلوچ کی بہیمانہ قتل کے خلاف جمعہ کو صبح 11 بجے تربت پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جائے گا جبکہ ہفتے کے روز گلی بلیدہ سے بٹ بلیدہ تک ریلی نکال کر پولیس تھانہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کی رات گلی زومدان میں ایک غریب گھرانے میں حنیف کمبر ولد حاجی حسن سکنہ میناز بلیدہ اور جہانزیب ولد واحد بلوچ سکنہ سلو بلیدہ داخل ہوئے اور سراج بلوچ نامی نوجوان کو قتل کردیا جس کے بعد سوشل میڈیا میں قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ سراج بلوچ نے اسلام اور پاکستان کے خلاف باتیں کی جس کی وجہ سے اسے قتل کردیا ہے۔

گلزاردوست نے کہا کہ متاثرہ فیملی کے مطابق وہ اس قتل کے چشم دیدی گواہ ہیں ان کی موجودگی اور آنکھوں کے سامنے یہ قتل کیا گیا ،تربت سول سوسائٹی تحصیل بلیدہ اور ضلعی حکام کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتی ہے کہ وہ شہید سراج بلوچ کے قاتلوں کو جن پر بلیدہ بٹ تھانہ میں ایف آئی آر درج ہے گرفتار کرے، ورنہ تربت سول سوسائٹی متاثرہ فیملی کے ساتھ مل تربت میں شہید فدا چوک پر دھرنا دے گی اور جمعہ کو اس اندوہ اک واقعہ کے خلاف 11 بجے تربت پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کی جائے گی-

انکا کہنا تھا کہ اس کے بعد ہفتے کی صبح 11 بجے مقتول سراج کے گھر گلی سے بٹ تک ریلی نکال کر پولیس تھانہ کے سامنے احتجاج کریں گے-

انہوں نے کہاکہ اس واقعہ کو کئی دن گزر گئے ہیں لیکن انتظامیہ تاحال قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اقدام اٹھانے سے قاصر ہے جو افسوس ناک ہے۔