کاہان میں فوجی آپریشن، دو افراد لاپتہ

165
File Photo

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں پاکستانی فوج نے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے دو افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوہستان مری کے مختلف علاقوں میں فوجی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ اس دوران دو افراد کے حراست بعد لاپتہ ہونے کے بھی اطلاعات ہیں ۔

حراست بعد لاپتہ ہونے والوں میں جلالو ولد نذر خان اور علی بیگ شامل ہیں ۔

فورسز نے دوران آپریشن مختلف علاقوں میں گھروں کو بھی نذر آتش کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ خاندان کو اس سے قبل بھی فورسز کی جانب سے بربریت کا نشانہ بنایا گیا ہے اس سے قبل بھی جلالو کے دو بھائیوں کو بھی فورسز نے حراست میں لیا ہے اور ان کے مال مویشیوں کو لوٹا گیا۔

خیال رہے کہ مذکورہ علاقوں میں لوگوں کا ذریعہ معاش گلہ بانی سے وابستہ ہیں، گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقہ لہڑی میں بھی پاکستانی فورسز نے ایک آپریشن میں 2 افراد کو قتل اور دو کو تشدد کے بعد لاپتہ کردیا تھا، قتل ہونے والوں کی شناخت عبدالحمید اور عبدالحلیم کے ناموں سے ہوئیں جبکہ عطاء اور ہزارو نامی دو نوجوانوں کو تشدد کے بعد فورسز اہلکار اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گذشتہ کئی دنوں سے فوجی آپریشن کی اطلاعات آرہے ہیں جبکہ بلوچستان کی سیاسی جماعتیں اور انسانی حقوق کے ادارے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کے سکیورٹی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں

ضلعی حکام فوجی آپریشنوں کے حوالے سے کچھ بھی بتانے سے گریز کرتے ہیں۔ دوسری جانب مذکورہ آپریشنوں میں خواتین و بچوں کے جبری گمشدگیوں سمیت گھروں کے جلائے جانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے ہیں