پارٹی کونسل سیشن اپریل کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا – بی این پی

282

بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت مرکزی قائمقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ منعقد ہوا،اجلاس کی کارروائی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے چلائی ، اجلاس میں تنظیمی امور اور موجودہ سیاسی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا اور مرکزی قومی کونسل سیشن کے انعقاد کا باقاعدہ فیصلہ کیا گیا۔

 فیصلے کے مطابق  رواں سال دو تا  چار اپریل کو  پارٹی کا کونسل سیشن کوئٹہ میں منعقد ہو گا، اس حوالے سے تمام اضلاع کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ قومی کونسل سیشن کے حوالے سے  اپنی تیاریوں کو مکمل کریں۔

پارٹی اجلاس میں پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دی گئی جس میں سردار اختر مینگل چیئرمین جبکہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری ملک نصیر شاہوانی پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری زینت شاہوانی پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر قدوس بلوچ ممبران ہوں گے۔

اجلاس میں پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے کے حوالے سے مختلف امور زیر غور آئے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان کی قومی جہد کیلئے لازمی امر ہے کہ پارٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے پارٹی کے قومی کونسل سیشن کا انعقاد اور تنظیم کاری کے مراحل کو بلوچستان اور ملک بھر میں مکمل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔