سی ٹی ڈی کا خضدار سے بی ایل اے کے ارکان گرفتار کرنے کا دعویٰ

379

کاروائی قلات رینج اور ایف سی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی – سی ٹی ڈی حکام

سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ کاروائی کے دوران خضدار سے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کاروائی خضدار کے تحصیل وڈھ میں کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کاروائی کے دوران دیگر تین افراد رات کی تاریکی کے باعث فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ افراد کے ٹھکانے سے ایک کلاشنکوف، میگزین، 30 کارتوس، 25 کلوگرام انتہائی خطرناک آتش گیر بارود، ایک ریموٹ کنٹرول، دو عدد آئی ای ڈی ڈیوائسز، چار عدد سی فور دھماکہ خیز مواد کی پٹیاں برآمد کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد وڈھ کے علاقے کِلی شیر وڈھ میں پناہ لیئے ہوئے تھے، اور وہ قلات، خضدار اور لسبیلہ میں کاروائی کی منصوبہ سازی کررہے تھے۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان اس سے پہلے بھی متعدد بار فورسز پر حملے سمیت دیگر واقعات میں ملوث تھے۔ تاہم حکام نے مذکورہ افراد کے نام اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

خیال رہے دو روز قبل بھی سی ٹی ڈی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی سے کالعدم تنظیمیوں سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں بلوچ لبریشن آرمی کا بھی رکن شامل ہے۔

اسی طرح بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے بھی دو مختلف کاروائیوں میں سی ٹی ڈی حکام نے کالعدم تنظیم کے اہم رکن سمیت چار افراد کو گرفتار کرنے اور دھماکہ خیز مواد اور منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مذکورہ کاروائیوں میں گرفتار افراد کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہے۔