تیرہ نومبر بلوچ قوم کے لیے تجدید عہد کا دن ہے – بی ایس او آزاد

146

بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ تیرہ نومبر کو بلوچ قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ اس عظیم دن کو بلوچ قوم کے سپوتوں نے میر محراب خان کی قیادت میں بلوچ سرزمین پر یلغار کرنے والی قبضہ گیر کی غلامی کو قبول کرنے کی بجائے مزاحمت کو ترجیح دی اور سرزمین کی حفاظت کے لیے جان کے نذرانے پیش کرکے آئندہ نسل کے لیے ایک مثال قائم کر دی۔ اسی سلسلے میں ہر سال کی طرح اس سال بھی عظیم شہداء کی یاد میں تیرہ نومبر کو “یوم شہدائے بلوچ” کو طور پر منایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں چند مخصوص دن تاریخی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جو قوموں کو اُن کے اسلاف کی قربانیوں سے آشنا کرنے اور قومی جذبے کو جلا بخشنے میں نہایت ہی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تیرہ نومبر “یوم شہدائے بلوچ” بھی بلوچ قومی تاریخ میں ایک تاریخی حیثیت کا حامل دن ہے کیونکہ یہی وہ دن ہے جو ہمیں بلوچ قوم کے اُن عظیم سپوتوں کا یاد دلاتا ہے جنہوں نے جدوجہد آزادی اور وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائر ہوئے۔

بلوچ قوم کے عظیم شہدا بلوچ قوم کے تمام طبقہ ہائے فکر کےلیے قابل احترام ہیں کیونکہ قوم کے اِن عظیم فرزندوں نے قومی آزادی اور قومی خوشحالی کی خاطر خود کی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔ شہادت کے جزبے سے سرشار بلوچ قوم کے فرزندوں نے ہمیشہ ہی سے قبضہ گیریت کیخلاف مزاحمت کو ہی اپنا شعار بنایا اور تمام استحصالی قوتوں کیخلاف عملی جدوجہد کا راستہ اپنا کر سروں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کیا۔

ترجمان نے کہا کہ تیرہ نومبر 1839 سے لیکر آج تک ہزاروں کی تعداد میں بلوچوں نے وطن کی خاطر خود کو قربان کیا۔ اسی اثناء میں 10 نومبر 2010 کو بی ایس او آزاد کی جانب سے تیرہ نومبر کو “یوم شہدائے بلوچ” کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا اور اسی دن سے لیکر آج تک بلوچ قوم ہر سال تیرہ نومبر کو اسی مناسبت سے مناتی ہے۔ جبکہ فلسفہ تیرہ نومبر ہمیں یاد یاد دلاتی ہے کہ بلوچ وطن کی خاطر اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء برابر اور یکساں ہمارے قومی ہیروں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ تیرہ نومبر تجدید عہد کا دن ہے اور اسی دن شہداء کو یاد کر کے یہ عہد کیا جاتا ہے کہ آزادی کے حصول تک قابض کیخلاف جدوجہد جاری رکھا جائے گا۔ بلوچ قوم اپنے عظیم شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مذکورہ دن مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرکے اپنے حقیقی وارثوں کو خراج عقیدت پیش کریں۔ بی ایس او آزاد تمام زونوں کو ہدایت کرتی ہے کہ تیرہ نومبر کو تمام زون “یوم شہدائے بلوچ” کے حوالے سے آشوبی ریفرنسز کا انعقاد کریں اور تنظیم سوشل میڈیا میں بھی آگاہی مہم کا انعقاد کریں گی۔