بلیدہ سے فوج کے ہاتھوں گرفتار شخص کی لاش برآمد

617

مقتول کی شناخت رحیم داد ولد داد بخش کے نام سے ہوئی ہے

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے۔ جس کی شناخت رحیم داد ولد داد بخش کے نام سے ہوئی ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز ایک فوجی آپریشن کے دوران پاکستانی فورسز نے کیچ کے علاقے بلیدہ سے تین نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، جسکے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔ ان تین نوجوانوں میں رحیم داد بھی شامل تھے جبکہ آج انکی تشدد زدہ لاش ایک ویرانے سے برآمد ہوئی ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے، انکا الزام ہے کہ وہ فورسز کے حراست میں تشدد سے جاں بحق ہوئے ہیں۔ تاہم اب تک فوجی ذرائع نے اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ نوجوان پیشے کے لحاظ سے سے ایک گلہ بان تھا۔ رحیم داد کے ہمراہ گرفتار ہونے والے باقی دونوجوان تاحال لاپتہ ہیں۔

یاد رہے بلوچستان میں جبری گمشدگیاں، حراستی اور ماورائے عدالت قتل جیسے واقعات روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہورہے ہیں۔

بلوچ قوم پرست جماعتوں کے علاوہ انسانی حقوق کی عالمی و علاقائی تنظیمیں بلوچستان میں ان تمام واقعات کی ذمہ دار ریاستی عسکری و خفیہ اداروں کو ٹہراتے ہیں جبکہ ریاستی ادارے ہمیشہ سے ان الزامات کی تردید کرتے آرہے ہیں۔