چین اور بھارت کی فوج کے درمیان سرحد پر جھڑپ، کرنل سمیت تین بھارتی اہلکار ہلاک

675

بھارت اور چین کی فوجوں کے درمیان مشرقی لداخ میں جھڑپ کے نتیجے میں انڈین آرمی کے کرنل اور دو اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ پیر کی شب مشرقی لداخ کے علاقے گلوان ویلی میں ایکچوئل لائن آف کنٹرول (ایل اے سی) پر دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے سلسلے میں اجلاس جاری تھا۔

بھارتی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت کے دوران جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک کرنل اور دو اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب چین نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت متنازع سرحد کو عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور وہ چینی فوجیوں پر حملے کا ذمہ دار ہے۔

چینی وازرتِ خارجہ کے ترجمان زاؤلی جیان نے منگل کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوج نے پیر کو دو مرتبہ سرحد کو عبور کیا جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے درمیان جسمانی جھڑپ بھی ہوئی۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق بھارتی فوج کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ دونوں فوجوں کے درمیان جھڑپ میں اسلحہ کا استعمال نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان گذشتہ کئی ہفتوں سے سرحد پر کشیدگی جاری ہے جس میں کمی کے لیے فریقین کی فوج کے سینئر رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا عمل بھی جاری تھا۔