کوئٹہ: پشتونخوامیپ رہنماءمصطفیٰ ترین کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

161

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء اور سابق صوبائی وزیر وزیر بلدیات سردار مصطفیٰ خان ترین کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے۔

سردار مصطفیٰ خان ترین گذشتہ روز کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے اور انہیں تشویشنا حالت میں رات گئے سول ہسپتال آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا۔ آج وہ کورونا سے انتقال کرگئے۔

خیال رہے کوئٹہ شہر میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں، صرف کریانہ اسٹور، اشیائے خورونوش کی دکانیں، تندور، میڈیکل اسٹور اورپٹرول پمپ کھلے ہیں۔

کوئٹہ میں مقامی ٹرانسپورٹ سروس کے علاوہ دیگر شہروں کے لیے ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں سرکاری اور نجی دفاتر بھی بند ہیں اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں تیزی سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کر دی گئی تھی۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق لاک ڈاؤن میں توسیع 5 مئی کی دوپہر 12 بجے تک کی گئی، اس دوران جاری پابندیاں برقراررہیں گی۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے افراد کو قومی شناختی یا متعلقہ ادارے کا کارڈ اپنے ساتھ لازمی رکھنا ہو گا۔