امریکہ :کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران 247 افراد ہلاک

158

نیو یارک میں ایک ہی دن میں 95 افراد ہلاک ہوئیں جبکہ پورے امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ۔

تفصیلات کے مطابق  عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ امریکہ کرونا وائرس کا نیا مرکز بن سکتا ہے ، امریکہ میں بدھ کو پہلی بار کرونا وائرس سے 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں ایک ہزار سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ایسٹرن وقت کے مطابق رات گیارہ بجے تک امریکہ میں کرونا وائرس کے شکار مزید 247 افراد ہلاک ہو گئے جن میں 95 کا تعلق نیویارک سے تھا۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد 68 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے تقریباً نصف یعنی 33 ہزار مریض صرف نیویارک میں ہیں۔

دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز نیویارک کی پڑوسی ریاست نیوجرسی میں ہیں جن کی تعداد ساڑھے چار ہزار ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے نیویارک سے باہر جانے والے تمام لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 14 دن قرنطینہ میں رہیں۔

دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بدھ کو مزید 48 ہزار کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار سے زیادہ ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 21 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو مسلسل دوسرے دن دو ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 13 ہزار تھی۔ اسپین میں ساڑھے سات ہزار، اٹلی میں 5200، جرمنی میں 4300، فرانس میں 2900 اور ایران میں 2200 سے کچھ زیادہ مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

اٹلی میں مریضوں کی کل تعداد 74 ہزار، امریکہ میں 68 ہزار، اسپین میں 49 ہزار، جرمنی میں 37 ہزار، ایران میں 27 ہزار اور فرانس میں 25 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔سوئزرلینڈ میں بھی ایک ہزار نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 10 ہزار سے ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 683 ہلاکتیں اور اسپین میں 656 ہلاکتیں ہوئیں۔ فرانس میں 231، ایران میں 143 اور امریکہ میں 247 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ہالینڈ میں 80 مریضوں کا انتقال ہوا۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی کل تعداد ساڑھے 7 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اسپین میں 3647، ایران میں 2077، فرانس میں 1331 اور امریکہ میں 1027 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کرونا وائرس کے سب سے پہلے شکار چین میں صورتحال قابو میں ہے جہاں بدھ کو 47 نئے مریض سامنے آئے اور چار ہلاکتیں ہوئیں۔ وہاں کیسز کی تعداد 81 ہزار ہوچکی ہے لیکن ان میں سے 73 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد 3281 ہے جو اب اٹلی اور اسپین سے کم ہے۔