زامران: ڈیتھ اسکواڈ گروہ نے کروڑوں مالیت کی منشیات لوٹ لی

241

بلوچستان کے علاقے زامران میں ڈیتھ اسکواڈ گروہ نے کروڑوں مالیت کی منشیات لوٹ لی۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ زامران کے علاقے کوٹاگان میں ڈیتھ اسکواڈ گروہ کے اہلکاروں نے منشیات فروشوں کے ٹھکانے سے دس ٹن کے قریب افیون لوٹ لی جن کی مالیت کروڑوں میں ہے۔

بلوچ سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق بلوچستان میں پاکستانی خفیہ اداروں کی سرپرستی میں قائم ڈیتھ اسکواڈ گروہوں کو بلوچ آزادی پسندوں کے خلاف تشکیل دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو چوری ڈکیتی اور دیگر جرائم کی کھلے عام اجازت دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈیتھ اسکواڈ گروہ جالگی کے علاقے میں ناکہ بندی کرچکے ہیں جہاں تیل کے کاروبار سے منسلک افراد سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔

خیال رہے افغانستان، ایران اور بلوچستان دنیا بھر میں منشیات کے منتقلی کے لیے اہم گذر گاہوں کے طور پر جانے جاتے ہیں جبکہ بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں اکثر منشیات کی ترسیل کرنے والے قافلوں اور اڈوں پر حملے ہوتے ہیں۔

گذشتہ سال کے اواخر میں زامران ہی کے علاقے سرکیزا میں تلانی سر کے مقام پر ڈیتھ اسکواڈ گروہ نے منشیات کے اڈے پر حملہ کرکے پانچ ٹن سے زائد مشیات کو لوٹ لیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادی پسند بلوچ جماعتوں کے خلاف متحرک ہونے کے عوض حکومت ان ڈیتھ اسکواڈ گروہوں کو تمام جرائم کی مکمل چھوٹ دیتا ہے، جس میں بلوچستان میں منشیات کا کھلم کھلا کاروبار بھی شامل ہے، ڈیتھ اسکواڈز زیادہ تر منشیات کی آسان ترسیل و حصول کیلئے سرکاری حمایت سے اب تک محروم منشیات فروشوں کو لوٹتے ہیں، ڈیتھ اسکواڈ قبضے میں لئے گئے منشیات کو بلوچستان میں عام آبادیوں تک پہنچا کر سستے داموں فروخت کرکے پیسے بناتے ہیں۔