قاسم سلیمانی کے جنازے میں بھگدڑ، ہلاکتوں کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی

172

حکام کے مطابق ایران کے شہر کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کے جنازے میں ہونے والی بھگدڑ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے۔

کرمان کے گورنر عباس آمیان اور کرمان ایمرجنسی سروسسز کے سربراہ محمد صابری کا کہنا ہے کہ دو سو بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے اسنا کے مطابق زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق منگل کو جنرل قاسم سلیمانی کے آبائی شہر کرمان میں یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں لوگ قاسم سلیمانی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جمع تھے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران کی ہنگامی طبعی سروسز کے سربراہ پیرحسین قولیوند کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جنازے کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہمارے کئی ہم وطن ہلاک اور زخمی ہو گئے ہیں۔

قاسم سلیمانی جمعہ تین جنوری کوعراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ کے قریب امریکی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پیر کو تہران میں ہونے والے قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ میں دس لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوئے تھے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ  نے کرمان میں جمع ہونے والے ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لیتے ہوئے امریکی اتحادیوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیں گے۔

حسین سلامی نے نماز جنازہ میں شریک افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتقام لیں گے اور وہ جہاں بھی موجود ہوں گے ان کو جلا کر راکھ کر دیں گے۔