پنجگور میں ڈاکٹرز عدم تحفظ کا شکار ہے – بی ڈی ایف

78

بلوچ ڈاکٹرز فورم نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں پنجگور واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز ڈسٹرکٹ ہسپتال پنجگور میں غنڈہ گرد عناصر نے ڈاکٹر صدام بلوچ سمیت دیگر ڈاکٹران کے ساتھ گالم گلوچ اور حملہ کرنے کی کوشش کی جس کی بلوچ ڈاکٹرز فورم بھرپور مذمت کرتی ہے۔

بیان میں ہسپتال انتظامیہ سے اپیل کی گئی ہے کہ ہسپتال میں سیکورٹی کے انتظامات بہتر کیے جائیں تاکہ ڈاکٹرز محفوظ ماحول میں عوام کی خدمت کرسکیں اور ملزمان کی گرفتاری تک او پی ڈی کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے پنجگور میں ہی ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں نامعلوم افراد نے ڈاکٹر الہی بخش بلوچ کے کلینک میں گھس کر ان کا قیمتی سامان لوٹ لیا تھا جس کی بی ڈی ایف مذمت کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجگور کی موجودہ مخدوش صورتحال تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز ذہنی اذیت سے دوچار ہیں، ہم پنجگور انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹرز کے تحفظ کے لئے اقدامات کرے تاکہ ڈاکٹرز دور دراز علاقوں میں بلا کسی خوف کے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے سکیں۔