افغانستان: کابل یونیورسٹی کے قریب دھماکہ

308

افغانستان میں کابُل یونیورسٹی کے قریب دھماکے سے دو افراد ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دارالحکومت کابل میں جمعے کی صبح کابُل یونیورسٹی کے قریب زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے میں دو افراد ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وزارتِ صحت کے ترجمان واحد میار نے بتایا ہے کہ دھماکے کے مقام سے دو لاشوں اور دس زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

واقعے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔

کابُل پولیس کے ترجمان فردوس کے مطابق دھماکے سے دو گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔ دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی ہے کہ آیا یہ دھماکہ خودکش تھا یا کسی ریموٹ بم کے ذریعے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یونی ورسٹی کے کمپاؤنڈ میں قائم ہاسٹل میں طلبا رہائش پذیر ہیں۔

افغانستان میں جمعے کو ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے دھماکے کے مقام پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھا جس کی وجہ سے دھماکے کا کوئی عینی شاہد تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں یہ حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب امریکہ اور طالبان قیام امن کے کسی معاہدے پر پہنچنے کی کوشش میں مذاکرات کر رہے ہیں۔

افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان امن مذاکرات کا آغاز پچھلے سال ہوا تھا جو اب تک جاری ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان کے شہر قندھار میں گزشتہ روز بھی پولیس ہیڈ کوارٹرز پر طالبان نے حملہ کیا تھا جس میں 12 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

حملہ آوروں نے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے داخلی دروازے پر بارود سے بھری ہوئی ایک کار کو دھماکے سے اڑانے کے بعد عمارت پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔