تھائی لینڈ: غار میں پھنسے تمام بچوں کو نکال لیا گیا

158

تھائی لینڈ میں گذشتہ دو ہفتوں سے غار میں پھنسے تمام 12 بچوں اور ان کے کوچ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔

آج غار میں پھنسے آخری چار بچوں اور ان کے کوچ کو نکالنے کے بعد یہ خطرناک آپریشن پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔

اس بات کا اعلان تھائی لینڈ کی بحریہ کے کمانڈوز کی جانب سے کیا گیا ہے جو اس سارے آپریشن میں شریک رہے۔ جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ غار سے نکالے جانے والے تمام افراد محفوظ ہیں۔

خیال رہے کہ 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کی یہ ٹیم 23 جون کو غار میں پانی بھر جانے کے سبب پھنس گئے تھے۔ گذشتہ ہفتے غوطہ خوروں نے ان کا پتہ چلایا تھا۔

اس سے قبل پیر کے روز تھائی لینڈ کے صوبے چیانگ رائی میں میانمار کی سرحد پر واقع پہاڑی علاقے میں غار سے چار بچوں کو نکال لیا گیا تھا۔

ریسکیو مشن کے کمانڈر کے مطابق ریسکیو اہل کاروں نے سابقہ تجربے سے سیکھا اور وہ بچوں کی دوسری کھیپ کو دو گھنٹوں سے بھی کم وقت میں نکال لینے میں کامیاب ہو گئے۔

یاد رہے کہ 12 بچوں اور ان کے فٹبال کوچ پر مشتمل گروپ 23 جون کو غار میں پانی بھر جانے کے سبب پھنس گیا تھا۔ غوطہ خوروں نے گذشتہ ہفتے ان کا سراغ لگایا تھا۔