شہدائے مرگاپ کی یاد میں پروگرام منعقد ہونگے

82

تمام زون اور دمگ شہدائے مرگاپ کے گیارہویں برسی کے موقع پر ریفرنس پروگرام کا انعقاد کریں۔ بی این ایم

بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے تمام زونوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے مرگاپ کی یاد میں ریفرنس اور یاد گاری پروگراموں کا انعقاد کریں۔ شہدائے مرگاپ شہید چیئرمین غلام محمد بلوچ، شہید لالا منیربلوچ اورشہید شیر محمد بلوچ کی شہادت کے گیارویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کریں۔ بی این ایم کے کارکن بلوچ قومی آزادی کے حصول کے لئے تجدید عہد اور پاکستانی مظالم کے خلاف جدوجہد کے نئے تقاضوں کے لئے آگاہی پروگرام تشکیل دیں۔

ترجمان نے کہا واجہ غلام محمد بلوچ، لالا منیر بلوچ اور شیر محمد بلوچ کی شہادت نے بلوچ قومی تحریک کو ایک نئی جہت بخشی۔ پاکستان کی جانب سے ”مارو اور پھینکو“ پالیسی کے باقاعدہ آغاز کے بعد جب مرگاپ کے مقام پر واجہ غلام محمد اور ساتھیوں اور اس کے بعد کئی بلوچوں کی مسخ شدہ لاشیں ملیں۔ یوں مرگاپ کو ایک خصوصی مقام اور حیثیت مل گئی۔ پاکستان کے وہ تمام عزائم خاک میں مل گئے جو وہ ان عظیم ہستیوں کو شہید کرکے بلوچ قوم کے حوصلوں کو پست کرنا چاہتا تھا۔ ان شہادتوں سے قومی تحریک آزادی کو توانائی اورعوامی جذبوں کو ایک بلندی حاصل ہوگئی۔ یہ رد عمل دشمن کے تصور میں بھی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ تین اپریل 2009 کو پاکستانی فورسز نے واجہ غلام محمد کو ساتھیوں سمیت تربت شہر میں ان کے وکیل کچکول علی ایڈوکیٹ کے دفتر سے چشم دید گواہوں کی موجودگی میں حراست میں لیا۔ دوران حراست انہیں انسانیت سوز اذیت دیکر شہید کیا گیا۔ نو اپریل 2009 کو ان کی مسخ شدہ لاشیں تربت کے قریب مرگاپ سے برآمد ہوئیں۔ یہیں سے پاکستان کی جانب سے ’’مارو اور پھینکو‘‘ پالیسی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ ہزاروں بلوچ فرزند اس بربریت و درندگی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ یہ ظلم و بربریت آج بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نو اپریل کو ہم چیئرمین غلام محمد اور ان کے عظیم ساتھیوں کو یاد کریں گے۔ ان کی تعلیمات بلوچ عوام تک پہنچانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ ہر کارکن کا فرض ہے کہ وہ چیئرمین شہید کی تعلیمات سے استفادہ کرے اور ان پر عمل پیرا ہو کر ان کے نقش قدم پر چلنے کو اپنی زندگی کا بنیادی مقصد بنالے۔

ترجمان نے کہا کہ چیئرمین غلام محمد کے گیارہویں برسی کے موقع پر نو اپریل کو سوشل میڈیا میں ایک آن لائن کمپئین چلائی جائے گی۔ اس میں #MartyrsOfMurgaap کا ہیش ٹیگ استعمال کرکے اپنے عظیم رہنماؤ ں کو خراج عقیدت پیش کریں۔ اس حوالے سے ایک آن لائن اجلاس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔