ہمیں تقسیم کرنے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہے۔ ریحانہ جالب بلوچ

1248

بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کی سیکریٹری محترمہ ریحانہ حبیب جالب بلوچ نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ زبان قومی شناخت کا مضبوط اور موثر ذریعہ ہے۔ نو آبادیاتی طاقتیں ہمیشہ محکوم اقوام کی قومی زبانوں پہ وار کرکے انہیں ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ محکوم اقوام کی زبانوں کی جگہ نو آبادیاتی زبان کو مسلط کرکے ان کے قومی شناخت کو ختم کرنے کی تگ و دو میں رہتے ہیں۔

ریحانہ بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بلوچ قوم کی مادری زبان بلوچی اور براہوئی سمیت دیگر زبانوں کو ختم کرنے کی سازشیں گذشتہ سات عشروں سے جاری ہے۔ ایک زبان دوست انسان ایک قوم دوست انسان ہوتا ہے، اس بات کا ادراک ہونا چاہیے کہ ریاست کے تعلیمی اداروں میں سرکاری زبان کو نصاب کا حصہ بنا کر بلوچی اور براہوئی زبان کی ترقی و ترویج کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں اور بلوچ قوم کو زبان کے نام پہ تقسیم کرنے کی سازشیں بھی جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طاقت اور سازشی حربوں کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنے کثیر الجہتی پالیسیوں کے ذریعے زبان کے نام پہ تقسیم کرنے کی سازش ہوئی اور سازشوں کا عمل جاری ہے۔

ریحانہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ہزار کوشش کے باوجود بلوچ قوم کے اندر اپنی مادری زبان سے محبت بلوچ نیشنلزم کی مضبوطی کی عکاس ہے۔ بلوچ دانشور اپنے مادری زبان کی ترقی و ترویج کے لئے منظم جدوجہد کریں۔