تربت میں فورسز کی کارروائی، 6 غیر ملکی مغوی بازیاب، تین ملزمان گرفتار

219

ایف آئی اے نے بلوچستان سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کے نام ریڈ بک میں شامل کرلیا۔

بلوچستان کے ضلع تربت میں فورسز کی کارروائی میں چھ یمنی باشندے بازیاب جبکہ تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فورسز نے جمعہ کو ضلع تربت کے علاقے بہمن سے یمن سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فورسز نے تین مشتبہ اغوا کاروں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ افراد صرف عربی زبان جانتے ہیں جس سے ان سے تفتیش میں مشکل پیش آرہی ہے جس کے باعث تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ لوگ کیوں آئے تھے اور ان کو یہاں حبس بے جا میں کیوں اور کب سے رکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بلوچستان کی ایران سے متصل سرحدی اضلاع کے دشوار گزار علاقوں کو انسانی سمگر اور منشیات کے بین الاقوامی سمگلر استعمال کرتے ہیں۔

اس سے قبل بھی گوادر، تربت اور کیچ سے افریقی اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی بازیاب ہوئے تھے۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاریوں کی ریڈ بک جاری کر دی جن میں بلوچستان کے 2 انسانی اسمگلروں کے نام بھی شامل ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث 100 انتہائی مطلوب اشتہاریوں میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔ گزشتہ سال 93 میں سے صرف 19 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا۔