جنوبی وزیرستان : بارودی سرنگ دھماکوں سے بچے زخمی ، منظور پشتین کی مذمت

195

باردوی سرنگوں کو ہٹانے کی بجائے ریاست پی ٹی ایم کو ہٹا رہا ہے – منظور پشتین

 ٹی بی پی نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز جنوبی وزیرستان میں ہونے والے دو بارودی سرنگوں کے  دھماکوں میں دو بچے شدید زخمی ہوئیں۔

پہلا واقعہ بدر میں پیش آیا جس میں راپو جان نامی بچہ زخمی ہوا جبکہ دوسرا واقعہ وچہ خوڑا لنگر خیل میں پیش آیا جس میں ایک بچی فاقیہ شدید زخمی ہوگئی۔

سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ ناخوش گوار واقعات کی وجہ سے علاقہ محسود انسانی آبادی سے خالی ہوتا جارہا ہے۔

اسی حوالے سے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء منظور پشتین نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر لکھا کہ جنوبی وزیرستان میں دو سال کے دوران یہ 173واں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہے جن کا نشانہ عام آبادی بنے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان بارودی سرنگوں  کو ہٹانا پشتون تحفظ موومنٹ کے  مطالبات میں سے ایک اہم مطالبہ ہے ، لیکن ریاست بارودی سرنگوں  کو ہٹانے کے بجائے پی ٹی ایم کو ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔

واضح رہے پشتون تحفظ موومنٹ سمیت دیگر جماعتوں کا موقف ہے پاکستانی فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے نام پر ان علاقوں میں بڑے پیمانے پر بارودی سرنگ بچھائے گئے ہیں جن کا نشانہ ہزاروں کی تعداد میں عام آبادی بنیں ہیں