جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

223

چیسٹرلی اسٹریٹ: کرکٹ ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

چیسٹر لی اسٹریٹ  کے میدان پر کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا  نے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کرلی، پروٹیز نے سری لنکا کا 204 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کپتان ڈوپلیسی نے 96 اور ہاشم آملہ نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،دونوں بلے بازوں نے 175 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا جب کہ ڈی کوک 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے ملنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز کی عمدہ بولنگ کی بدولت سری لنکا کی پوری ٹیم 49 عشاریہ 3 اوورز میں صرف 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتھنے اور کوشل پریرا نے کیا تاہم کرونارتھنے اننگز کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جب کہ کچھ ہی دیر بعد کوشل پریرا بھی صرف 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ون ڈاؤن آنے والے اویشکا فرنینڈو بھی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ 100 کے مجموعی اسکور پر انجیلو میتھیوز بھی پویلین لوٹ گئے، 11 رنز کے اضافے سے مینڈس بھی چلتے بنے، ڈی سلوا24، پریرا 21، اڈانا 17 اور ملنگا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کے دوران مکھیوں نے کھلاڑیوں پر حملہ کیا، مکھیوں سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں سمیت امپائر بھی میدان میں لیٹ گئے اور چند لمحوں کے لیے کھیل کو روکنا پڑا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کرس مورس اور پریٹوریس نے 3،3 جب کہ رباڈا نے 2، عمران طاہر اور ڈومنی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔