اوتھل: پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، علاقہ مکین دیگر علاقوں سے پانی لانے پر مجبور

167

موجودہ واٹر سپلائی بور کا پانی نمکین ہونے کے سبب استعمال کے قابل بھی نہیں ہے جس کے سبب علاقے میں پیٹ کے امراض بڑھنے لگے ہیں – علاقہ مکین

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے اوتھل کے نواحی علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، علاقے میں پانی کے بحران کے سبب علاقہ مکین ہاتھوں میں برتن لئے دور سے پانی لانے پر مجبور ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل کی بڑی آبادی والے علاقے درہ گوٹھ، سومرہ محلہ میں علاقہ مکینوں کو گذشتہ ایک ہفتے سے پانی کی قلت کا سامنا ہے، پانی کے بحران کے سبب علاقے تعلیمی اداروں سمیت گھروں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں پانی کی فراہمی یقینی بنانا پی ایچ ای کی ذمہ داری ہے تاہم ایک ہفتے قبل پی ایچ ای کا واٹر سپلائی ٹیوب ویل جل جانے کے سبب پانی کی سپلائی بند ہے اور متعلقہ ذمہ داران تاحال خاموش ہیں جس کے باعث نہ صرف پانی کی قلت ہے بلکہ علاقے کے عوام استعمال کے لئے دور سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے حکام سے پانی کے مسئلے کو حل کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ واٹر سپلائی بور کا پانی نمکین ہونے کے سبب استعمال کے قابل بھی نہیں ہے جس کے سبب علاقے میں پیٹ کے امراض بڑھنے لگے ہیں لہٰذا علاقے میں پانی کی فراہمی کا متبادل ذریعہ بنا کر ایری گیشن واٹر سپلائی بور کو از سر نو دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صاف اور میٹھا پانی میسر آسکے۔