سندھ سے لاپتہ 13 شہری گھر واپس آچکے ہیں – پولیس و رینجرز کا دعویٰ

101

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پولیس اور رینجرز نے گھر واپس آنیوالے شہریوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جس کے مطابق کئی ماہ سے لاپتہ 13 شہری گھر واپس آچکے ہیں۔

جسٹس نعمت اللہ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کی کوششوں سے شہری گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ عدالت عالیہ نے دیگر لاپتہ شہریوں کو بازیاب کرا کر 10 اکتوبر تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب 25 سے زائد لاپتہ افراد کی عدم بازیابی سے متعلق سماعت کے دوران جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے پولیس افسران سے مخاطب ہو کر ریمارکس دیئے کب تک آپ لاپتہ افراد کو بازیاب کرائیں گے؟، عدالت نے مؤثر اقدامات کرنے اور ایک ماہ میں نتائج سے آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔