ممبئی شہر میں طیارہ عمارت پر گر کر تباہ ، پانچ افراد ہلاک

250

بھارت کے تجارتی شہر ممبئی میں ایک چھوٹا طیارہ گنجان آباد علاقے میں ایک زیر تعمیر عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ان میں ایک موٹر سائیکل سوار شامل ہے جو زمین پر طیارہ گرنے سے ہلاک ہوا ہے۔

بھارت کے نیوز چینلوں نے حادثے کی جگہ سے مختلف فوٹیج نشر کی ہے جس میں طیارے سے شعلے اور سیاہ دھواں بلند ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ممبئی میں جس جگہ طیارہ گرا ہے،اس کے نزدیک ہی کئی ایک بلند وبالا اقامتی ٹاور واقع ہیں ۔

بھارت کے محکمہ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کے حکام کے مطابق بارہ نشستوں والے اس چھوٹے طیارے میں چار افراد سوار تھے۔عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے زمین پر زیر تعمیر ڈھانچے سے ٹکرانے کے بعد زور دار دھماکا ہوا تھا اور عمارت کے ساتھ ایک درخت کو بھی آگ لگ گئی تھی۔

بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ کنگ ائیر سی 90 تھا اور وہ آزمائشی پرواز پر تھا۔اس میں دو پائیلٹ اور دو انجنیئر سوار تھے اور وہ تمام حادثے میں مارے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق حادثے کے وقت شہر میں بارش نہیں ہورہی تھی اور موسم بھی صاف تھا ۔حادثے کی وجوہ کی تحقیقات کے لیے ایک ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن نے مزید بتایا ہے کہ یہ طیارہ ایک نجی کمپنی کا ملکیتی تھا اور اس نے یہ ریاست اتر پردیش کی حکومت سے خرید کیا تھا۔

امدادی کارکنان نے طیارہ گرنے کے بعد لگنے والی آگ کو بجھا دیا ہے اور جائے حادثہ پر ممکنہ زخمیوں کی تلاش کی جارہی ہے۔