عراقی شیعہ لیڈر کی کردستان کے صدر بارزانی کو سنگین نتائج کی دھمکی

193

کردستان کی تمام داخلی اور خارجی گذرگاہوں پر عراقی فوج کا کنٹرول قائم کریں گے،قیس الخزعلی

عراق کے ایک سرکردہ شدت پسند شیعہ رہ نما اور عصائب اہل الحق ملیشیا کے سربراہ نے آزادی کے لیے کوشاں خود مختار علاقے کردستان کی قیادت بالخصوص صدر مسعود بارزانی کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے اورکہاہے کہ بارزانی صرف طاقت کی زبان جانتے ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق عراقی شیعہ ملیشیا الحشد الشعبی کا حصہ رہنے والے گروپ عصائب اہل الحق نے دعویٰ کیا کہ شیعہ عسکری گروپ ایک ماہ کے اندر اندر کردستان پر قبضہ کرسکتے ہیں۔

قیس الخزعلی نے نجف میں عزا داری کے ایک جلوس سے خطاب میں کہا کہ کردوں کو عراق کی سرزمین پر الگ مملکت کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے۔

شیعہ لیڈر کا کہنا تھا کہ متنازع علاقوں میں عراق کی اتحادی فوج برقرار رہے گی۔ ہم ان علاقوں سے کسی صورت میں دست بردار نہیں ہوں گے۔ کردستان کی تمام داخلی اور خارجی گذرگاہوں پر عراقی فوج کا کنٹرول قائم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عراق کو درپیش دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے کردوں اور شیعہ گروپوں میں مثالی اتحاد قائم رہا ہے مگر مسعود بارزانی نے اس اتحاد کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔